بنگلورو،31؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے انہیں بہت بڑا ڈھونگی قرار دیا۔ آج کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی دفتر میں سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد مخاطب ہوکر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ایک طرف وزیراعظم ملک میں کرپشن ، کالابازاری ، دہشت گردی اور جعلی نوٹوں کا کاروبار ختم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے نوٹ بندی لاگو کرتے ہیں تو دوسری طرف سرمایہ دارانہ ذہنیت کے حامل امیروں کو سہولت پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوٹ بندی کے ذریعہ وزیر اعظم نے کالا دھن رکھنے والوں کو فائدہ پہنچایا اور غریبوں کا جینا دوبھر کردیا۔ سدرامیا نے سوال کیا کہ نوٹ بندی کے ذریعہ ملک میں کتنا کالا دھن آیا یہ جانکاری عوام کے سامنے لائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ نوٹ بندی کے ذریعہ مودی نے ملک کے عوام کو مشکلات میں مبتلا کردیا اور 125 لوگوں کی جانیں ان کے احمقانہ فیصلے سے تلف ہوگئیں۔ انہوں نے کہاکہ اندرا گاندھی نے ملک میں بینکوں کو قومی بناکر غریبوں کو قرضہ جات حاصل کرنے کی سہولت مہیا کرائی ، جبکہ موجودہ وزیر اعظم نے نوٹ بندی کرکے عوام کو پریشان کررکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خاتون آہن کہلانے والی اندرا گاندھی نے پڑوسی ملک پاکستان کواس کی حرکتوں کیلئے برابر سبق سکھایا اور مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش میں تبدیل کردیا ، جبکہ موجودہ وزیراعظم مودی ملک کو بتائے بغیر وہاں کے وزیراعظم نواز شریف کے گھر دعوت اڑانے چلے گئے۔اندرا گاندھی نے اپنے غریبی ہٹاؤ نعرہ کے ذریعہ کئی لوگوں کو فائدہ پہنچایا اور ملک کے معاشی استحکام کو تقویت پہنچائی۔ غریب طبقات کی فلاح کیلئے 20نکاتی پروگرام جاری کئے ۔ملک کو خود کفیل بنانے کیلئے دور اندیشی سے قدم اٹھائے۔ انہوں نے کہاکہ خود بی جے پی کے سرکردہ رہنما اٹل بہاری واجپائی نے ملک کیلئے اندرا گاندھی کی خدمات کا اعتراف کیا۔ بی جے پی کے دور اقتدار میں محکمۂ توانائی کیلئے بجلی کی خریداری میں 28ہزار کروڑ کی مبینہ دھاندلیوں کے متعلق ایک سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس کی جانچ جاری ہے رپورٹ ملنے کے بعد آگے کا قدم اٹھایا جائے گا۔ فلم ادا کار اپیندرا کی طرف سے علیحدہ سیاسی جماعت بنانے کے متعلق سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت کے تحت ہر کسی کو اپنی الگ سیاسی جماعت ، ادارہ یا تنظیم قائم کرنے کا حق ہے۔ اس کے مطابق اپیندرانے اپنی جماعت قائم کی ہے۔ان سے وہ اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔اس موقع پر وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج ، سابق مرکزی وزیر ایم وی راج شیکھرن اور کے پی سی سی عہدیداران موجود تھے۔